صوبائی حکومت ڈاکٹروںپر عائد غنڈہ ٹیکس ختم کرے‘ ایسوسی ایشن

May 29, 2023

پشاور (جنگ نیوز) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے حکم امتناعی کے باوجود رواں مہینے کی تنخواہوں سے ظالمانہ پروفیشنل ٹیکس کی کٹوتی کے نوٹیفیکیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروںسے 80ہزار , نان سپیشلسٹ 30ہزار اور ڈینٹل سرجنز سے 15ہزار پروفیشنل ٹیکس کی کٹوتی کسی صورت قبول نہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ پروفیشنل ٹیکس کی کٹوتی ڈاکٹرز سےبھی اتنی کی جائے جتنی صوبے میں گریڈ 17سے گریڈ 21تک کے ملازمین سے کی جاتی ہے۔ صوبائی حکومت ڈاکٹروںپر عائد غنڈہ ٹیکس ختم کرے ،بار بار مختلف بہانوں سے تنخواہوں سے کٹوتی کو مکمل مسترد کرتے ہیں کبھی سیلاب کی مد میں،کبھی زلزلہ زدگان کی مد میں ، کبھی ترکی کی امداد کیلئے اور اب پروفیشنل ٹیکس کی مد میں کٹوتی مسترد کرتے ہیں ۔گزشتہ 4سالوں سے ایک طرف سالانہ بجٹ میں جان بوجھ کر ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا اور اب بار بار مختلف حیلوں بہانوں سے ڈاکٹروں سے کٹوتی کی جا رہی ہے ۔ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کے منظوری کیلئے ہم کسی بھی حد تک جانے اور کسی بھی قربانی دینے دریغ نہیں کریں گے ۔ تمام کیمونٹی تیاری کر لے ٹیکس کے نام پر لوٹ مار کسی صورت قبول نہیں کریں اسکے خلاف صوبے بھر شدید احتجاج کریں گے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نگران وزیر اعلیٰ ،نگران مشیر صحت پروفیسر ڈاکٹر ریاض انور اور سیکرٹری صحت محمود اسلم ڈاکٹروں سے ظالمانہ پروفیشنل ٹیکس کی کٹوتی کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائیں۔