سپر پاور اللّٰہ، قومی ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں، ثروت قادری

May 30, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سپر پاور اللّٰہ ہے ، قومی ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے دفاع وسلامتی اور ملک کے استحکام کیلئے کردار ادا کیا،محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان اور انکی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اب ملک کی تمام اکائیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو معاشی قوت بھی بنائیں،اسلام وملک دشمن قوتوں کو ہمیشہ کی طرح ناکامی ہوگی،ملک میں مخلص قیادت کا فقدان ہے،ملک کے قومی اداروں کا احترام کرنا ہر محب وطن پاکستانی کا قومی وملی اور آئینی فریضہ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کی سلور جوبلی کے موقع پر مرکز اہلسنت پر یوم تکبیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد مبین قادری،محمد طیب قادری،محمد سلیم قادری اور کراچی ڈویژن کے صدر غلام مرتضیٰ قادری ودیگر موجود تھے،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کو بھلایا نہیں جاسکتا، عالمی برادری اور ادارے دنیا میں پائیدار امن چاہتے ہیں تو کشمیر،فلسطین،شام ودیگر اسلامی ممالک کو انصاف فراہم کیا جائے۔