پبلک کالجز میں بی ایس پروگرامز جلد شروع کرنیکی ہدایت

May 30, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر ) سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب جاوید اختر محمود نے تعلیمی بورڈ ملتان کا دورہ کیا اور بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان بورڈ ایڈمنسٹریٹو بلاک کی تعمیر جلد شروع کی جائے۔ پبلک کالجز میں بی ایس کے نئے کورسز شروع نہ ہونے پر سیکرٹری جاوید اختر محمود نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی آئی کالجز کو نئے بی ایس پروگرامز کو جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق نئے جدید بی ایس کورسز طلباءکو پڑھائے جائیں۔ دنیا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ہمیں نئی نسل کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا تاکہ ملک کا مستقبل درخشاں بنایا جاسکے۔سیکرٹری جاوید اختر محمود نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے مراکز میں بہترین انتظامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ افسران تمام حساس سنٹروں کا دورہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ملتان بورڈ کو طلباءو طالبات کی ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے۔اس موقع پر چیئرمین ملتان بورڈ حافظ محمد قاسم، کنٹرولر حامد سعید بھٹی،ڈائریکٹر کالجز غلام فرید و دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔