فرنیچر کےکاروبار کو صنعت کا درجہ دیا جائے، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز

May 30, 2023

پشاور ( لیڈی رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز خیبر پختونخوا ریجن نے فرنیچر کاروبار کو صنعت کا درجہ دیتے ہوئے اسکی مشکلات کے حل کے لیے سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس پشاور میں کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں فرنیچر ایسو سی ایشنز اور اس کاروبار سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد سمیت ایس آئی ڈی بی، کے پی بی او آئی ٹی، ٹی ڈی اے پی، سٹیٹ بنک آف پاکستان، بنک آف خیبر، بنک الحبیب اور دیگر اداروں کے ذمہ داران افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد فرنیچر کاروبار سے وابستہ افراد کے مسائل کو سن کر ارباب اختیار تک ان کی رسائی ممکن بنانا اور موجودہ وقت میں بنکوں کے ذریعے وزیر اعظم پاکستان کے تحت نئے کاروبار کی شروعات اور جاری کاروبار کو وسعت دینے کی قرضہ سکیمز سمیت سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے قرضہ سکیمز اور طریقہ کار سے بھی آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اجلاس میں پشاور کی فرنیچر کاروباری برادری نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا، انکا کہنا تھا کہ صرف پشاور کے علاقہ تہکال میں 800 سے زائد یونٹس کام کررہے ہیں جن کے پاس لاکھوں روپوں کی مشینیں ہیں لیکن بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور ٹیکسز کی بھرمار سمیت دیگر مشکلات نے کاروبار کو تباہی کے دہانے سے نیچے دھکیل دیا ہے جسکی وجہ سے متعدد کاریگر اور کاروباری دیگر روزگار سے اپنا اور اپنے خاندان والوں کا پیٹ پالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اپنے خطاب میں سرتاج احمد خان نے کہا کہ فرنیچر سیکٹر کو باقائدہ صنعت کا درجہ دیا جائےکیونکہ ہمارے صوبے میں اس سیکٹر کے پاس ہنر اور معیار کی کسی طور کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شریک بنکوں کی جانب سے بھی فرنیچر کاروبار سے جڑے افراد کو سرکاری قرضہ سکیمز بارے تفصیلی بریفنگز دی جاتی رہینگی اور آگاہی سمیت عملی فائدہ کے حصول تک اور اسکے بعد بھی رابطاسی طرح بحال رکھا جائیگا تاکہ اس سیکٹر کو اسکا حق دلوایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی کے حوالے سے پریشان حال کاروباریوں کو سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے بنکوں کی جانب سے سکیمز کے ذریعے مالی معاونت کے بھی بہترین مواقع فراہم ہو سکتے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سکیمز سے آگاہی حاصل کی جائے۔ اجلاس میں شریک فرنیچر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور کاروباری افراد نے فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ جدوجہد سے مستقبل قریب میں فرنیچر کے کاروبار کو دوام ملے گا اور مسائل کے حل کی جانب سے اہم پیش رفت ہوگی۔