فائرنگ اور دیگر واقعات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق،ایک زخمی

May 31, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر واقعات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق، جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق نصرت بھٹو کالونی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 15 سالہ کی ابوبکر ولد شاہد جاں بحق ، معاویہ ولد الطاف زخمی ہوگیا، پولیس نے فائرنگ میں ملوث3 ملزمان حارث ولد ابوبکر ، شہباز عرف بھایا ولد علی شیر اور عالم زیب ولد اجمل خان کو گرفتار کر کےپستول برآمد کر لی ، عائشہ منزل بلاک 10 میں ڈاکو شہری سے لوٹ مار کرکے فرار ہورہے تھے کہ تعاقب کرنے والے افراد پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کےنتیجےمیں دانش نامی شخص جاں بحق ہوگیا،مقتول کی عید کے بعد اسکی شادی ہونے والی تھی، سہراب گوٹھ قیوم آباد قبرستان کے قریب فائرنگ سے عبد اللہ نامی شخص جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق مقتول گھر کے باہر کھڑا تھا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا،پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی دشمنی کا معلوم ہوتا ہے، اورنگی ٹاون مومن آباد میں گلی سے شیری عرف ساحل کی گولی لگی تشدد زدہ لاش ملی ، پولیس کے مطابق مقتول ماضی میں کئی مرتبہ گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے ، اور شبہ ہے کہ مقتول کو نامعلوم شہریوں نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے قتل کیا ہے، نیو کراچی خمیسو گوٹھ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے ضمیر نامی شہری کو زخمی کر دیا، اورنگی ٹاؤن حلیمہ چوک کے قریب گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی جسے سر پر وزنی اینٹوں کے وار کر کے قتل کیا گیا تھا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے تو انکشاف ہوا کہ مقتولہ کو اس کے شوہر خلیل نے قتل کیا ہے، پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے لیا، مقتولہ کی لاش عباسی اسپتال منتقل کی گئی ،جہاں اس کی شناخت 32 سالہ زیبا زوجہ خلیل احمد کے نام سے ہوئی ہے ،مقتولہ کے 6بچے ہیں۔