سستی بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ عمران خان نے ڈالی، وزیر توانائی سندھ

May 31, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کو سولر سسٹم کی فراہمی سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کا تحفہ ہے ،کراچی پریس کلب کی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے لیے ویلیج الیکٹرک پلان کے تحت بجلی فراہم کی جائے گی ، سستی بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ عمران خان نے ڈالی تحریک انصاف ملک دشمن جماعت ہے جو جلد اپنے انجام تک پہنچے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پہلے سولر پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ،سیکرٹر ی شعیب احمد ،گورننگ باڈی کے ارکان، سابق عہدیداران اور دیگر بھی موجود تھے ،امتیاز شیخ نے کہا کہ کراچی پریس کلب پاکستان کا سب سے بڑا پریس کلب ہے جسے سولررائز کیا گیا ہے ،یہ مجموعی طور پر 100کلوواٹ کا منصوبہ ہے جس میں سے 60کلوواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے جلد 40کلو واٹ کا بھی اضافہ کردیا جائے گا ،امتیاز شیخ نے کہا کہ ہم نے 35 بڑے اسپتالوں کو سولررائز کیاہے ۔ورلڈ بینک کے ذریعے ہم یہ کام کروارہے ہیں سرکاری عمارتوں جیلوں کو بھی سولررائز کیا جائے گا،2 لاکھ گھروں کو سولررائیز کیا جارہا ہے لوگوں کو مہنگی بجلی سے نجات ہمارا مقصد ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہمارا مئیر اگلے کچھ دنوں میں آنے والا ہےمصروفیات کی وجہ سے آج بلاول بھٹو نہ آسکے جلد وہ پریس کلب کا دورہ کریں گے۔