صحافی کے لاپتہ ہونے میں افغانستان کے نمبرز استعمال ہونیکا انکشاف

May 31, 2023

لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ میں صحافی بازیابی کیس میں آئی جی پنجاب نے کہا ہےکہ جو نمبرز استعمال ہوئے وہ افغانستان کے ہیں ۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے استفسار کیا اب تک عمران ریاض مسنگ پرسن کیوں ہے؟ آرڈر میں یہ نہیں کہا کہ عمران ریاض ایجنسیوں کے پاس ہے ، ہم نے تو یہ کہا ہے کہ ایجنسیوں سے مدد لیں ،ایجنسیوں کے علاوہ کون ڈھونڈ سکتا ہے، سیکرٹری دفاع کے نمائندے نےعدالت کو بتایا کہ ابھی تک ان کا کوئی سراغ نہیں لگا ۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثما ن انور روسٹرم پر آئے اور عدالت کو بتایا کہ ہم نے جیو فینسنگ کی ہے، مگر کوئی نمبر لوکیٹ نہیں ہوسکا ۔ عدالت کی ہدایت پر صحافی کی لیگل ٹیم اور اہل خانہ سے ملاقات کی ہے ، ایف آئی اے سے بھی رابطہ کیا ہے ۔آئی جی پنجاب نے انکشاف کیا کہ کچھ نمبرز غیر ملکی استعمال ہوئے ،وہ افغانستان کے ہیں اور ہمارے پاس افغانستان کے نمبرز ٹریس کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ غیر ملکی نمبر اور اس کا ٹرانسپکرٹ عدالت اجازت دے توچیمبر میں جمع کرانا چاہتا ہوں ،جس پر عدالت نے آئی جی کو ڈیڑھ بجے چیمبرطلب کر لیا ۔