سفارتی تنازع، چین نے امریکی وزیر دفاع کیساتھ ملاقات سے انکار کر دیا

May 31, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) معلوم ہوا ہے کہ چائنیز حکام نے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے ملاقات کیلئے وقت نکالنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

امریکی پینٹاگون نے چائنیز حکام سے درخواست کی تھی کہ رواں ہفتے کے دوران دونوں ملوکں کے دفاعی حکام کے درمیان ملاقات ہونا چاہئے۔ یہ اطلاعات ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہیں جب دونوں ملکوں کے درمیان ایک نیا سفارتی تنازع پیدا ہوگیا ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، پینٹاگون نے وال اسٹریٹ جرنل کو دیے گئے ایک بیان میں کہا وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور چین کے وزیر برائے قومی دفاع لی شینگ فوُ کے درمیان ملاقات کی درخواست مئی میں کی گئی تھی جسے گزشتہ رات چائنیز حکام نے مسترد کر دیا۔

اس صورتحال پر پینٹاگون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا دونوں ملکوں کے درمیان فوجی رابطے کے چینلز کو بحال رکھنے کی اہمیت پر پختہ یقین رکھتا ہے تاکہ معاملات تنازعات کی طرف نہ جائیں۔ وال اسٹریٹ جرنل نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ چائنیز حکام کی جانب سے یہ اقدام امریکا کو دیا جانے والا واضح پیغام ہے۔