محکمہ ٹرانسپورٹ کا اسکول وینز اور کوسٹرز سے سی این جی کٹس ہٹانے کیلئے آپریشن کا فیصلہ

May 31, 2023

کراچی (نیو ز ڈیسک) وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سندھ بھر میں چلنے والی اسکول وینز اور کوسٹرز میں سے فوری طور پر سی این جی کِٹس ہٹانے کے لئے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بھر میں جتنے بھی غیر قانونی بس اسٹینڈز ہیں ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کئے جائیں۔ اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت کو ہدایات دیں کہ غیر قانونی بس اسٹینڈ چلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خطوط لکھے جائیں اور اس سلسلے میں جلد از جلد کارروائی عمل میں لائی جائے۔