ڈکیتی، چوری کی متعدد وارداتیں، 3 گاڑیاں، 37 موٹرسائیکل بھی غائب

May 31, 2023

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں شہری 22موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائلز،نقدی اوردیگراشیاء سے محروم ہوگئے ، شہرکے مختلف علاقوں میں 14افرادسے جھپٹامارکران کے موبائل وغیرہ چھین لئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی 3 گاڑیاں، 15 موٹر سائیکل ، لاکھوں مالیت کی نقدی ، موبائلز ، بجلی کے سامان سمیت دیگر اشیاء اڑا لی گئیں ۔ تھانہ ویسٹریج کے علاقہ لین نمبر6 میں خدیجہ جاوید بیوہ جاوید اختر کے گھر6نامعلوم اشخاص گھر کی دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے جنہوں نے مدعیہ اوراس کی بیٹیوں کو گن پوائنٹ پر ایک کمرے میں بند کر دیا اور اور گھرسے سونا مالیتی 26لاکھ روپے اور45ہزار روپے لے اڑے۔ تھانہ روات کے علاقہ ہرکہ میں مختار حسین اپنے سسرال آیاہواتھاجہاں نامعلوم اشخاص رات کو گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے جنہوں نے اسلحہ کی نوک پر اس کی ساس و سالی سے طلائی چوڑیاں، انگوٹھیاں اور بالیاں مالیتی 5لاکھ روپے اتروالیں اورگھرسے لیپ ٹاپ، موبائل ،انٹر نیٹ ڈیوائس اور2لاکھ روپے چھین کرفرارہوگئے۔رینج روڈپر شیخ شمیم اقبال کے گھر کے تالے توڑ کر سونا مالیتی 5لاکھ روپے اورپرائز بانڈ مالیتی اڑھائی لاکھ روپے ،سرسید چوک میں محمد گل کے گھر کے تالے توڑکر ایک لاکھ 20ہزار روپے اور سامان مالیتی 60 ہزار روپے چوری کرلئے گئے ۔ تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں فیاض سے دس لاکھ روپے کوہسار کے علاقے میں منصور کی گاڑی کا شیشہ توڑ کر لیپ ٹاپ، نقدی، پاسپورٹ سمیت پلاٹوں کی فائلیں ،بھارہ کہوکے علاقے میں سہیل کی گاڑی سے بیس لاکھ روپے ، کراچی کمپنی کے علاقے میں حمزہ حسان سے موبائل، ترنول کے علاقے میں سمیع اللہ سے موبائل، سبزی منڈی کے علاقے میں اسفند کی جیب سے موبائل، شمس کالونی کے علاقے میں طاہر سے نقدی وموبائل، کورال کے علاقے میں ایوب کے گھر سے بجلی کا سامان ، پنکھے ولائٹس وغیرہ، ہارون سے نقد ی وموبائل، سہالہ کے علاقے میں قربان کی جیب سے نقدی چرا لی گئی۔