جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اداروں پر توجہ دے رہا ہے: ایڈیشنل چیف سیکرٹری

May 31, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر ) جنوبی پنجاب میں تعمیر و ترقی بارے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ، یو این ڈی پی پاکستان اور ساؤتھ پنجاب فورم کے زیر اہتمام ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اور معاشی ماہرین نے شرکت کی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے قومی تعمیر کے محکموں کے فنڈز خرچ کرنے کی استعداد میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اداروں کی کپیسٹی بلڈنگ پر بھرپور توجہ دے رہا ہے، اس حوالے جنوبی پنجاب میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور غیر ملکی سفیروں پر مشتمل ڈیپ ڈائیو کانفرنس منعقد کی گئی جس کا بنیادی مقصد اداروں کی استعداد کار میں اضافہ اور خطے سے غربت کے خاتمہ کے لیے سفارشات تیار کرنا تھا، کانفرنس کی جانب سے پانچ شعبوں کےلیے تیار کی گئی سفارشات پر عمل کیا جارہا ہے جس سے غربت کا خاتمہ اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا، ورکشاپ میں سیکرٹری زراعت، سیکرٹری جنگلات، سیکرٹری لائیو سٹاک، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن سمیت دیگر نے شرکت کی۔