• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی وزیراعلیٰ کی طرف سے مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے پر مختلف شہروں میں احتجاج

ملتان‘ وہاڑی‘ خانیوال (نمائندگان جنگ، سٹاف رپورٹر) بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے مسلمان خاتون کا زبردستی نقاب کھینچنے کے واقعے کےمختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے، شرکا کی بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی جب کہ مقررین کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت خواتین کی توہین برداشت نہیں کی جاسکتی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں شرمناک واقعے کا نوٹس لیں،تفصیلات کے مطابق بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے مسلمان خاتون کا زبردستی نقاب کھینچنے کے واقعے کے خلاف ملتان میں شدید احتجاج کیا گیا، اس سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک بھرپور مذمتی ریلی نکالی گئی، جو ضلع کونسل سے شروع ہو کر چوک کچہری پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں مختلف مذہبی و سماجی شخصیات سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر عمر فاروق بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کا حجاب یا نقاب زبردستی اتارنا اس کے وقار، عزت اور مذہبی شناخت پر براہ راست حملہ ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہے،وہاڑی میں بھی مختلف سکولوں میں مذمتی ریلیاں نکالی گئیں،ریلیوں میں شریک طالبات نے کہا کہ حجاب و نقاب پر حملہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں واقعے کا نوٹس لیں، بہار کے وزیر اعلیٰ کی شرم ناک حرکت پر تاجر برادری بھی سراپا احتجاج، غلہ منڈی کی آڑھتی برادری نے بھارت کے سفیر کو ملک بدری کا مطالبہ کیا،دریں اثنا وہاڑی میں حلقۂ خواتین جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شدید احتجاج کیا گیا جبکہ واقعے کی مذمت کے لیے احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، ریلی میں شریک خواتین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر خواتین کے احترام، عزت و وقار اور بنیادی انسانی حقوق کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ خواتین کی تذلیل اور ان کے بنیادی حقوق کی پامالی کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے واقعات معاشرتی اقدار کے منافی ہیں۔ شرکاء ریلی نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ خواتین کے خلاف ہونے والے ایسے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
ملتان سے مزید