ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں سوفیصداضافہ کیا جائے، محمد رضوان

June 01, 2023

پشاور( جنگ نیوز) آل پاکستان ریلویز پینشنرز ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب پنشنرز کی مالی مشکلات کو زیر بحث لاتے ہوئے محمد رضوان سینئر نائب صدر پاکستان ریلوے پنشنرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین اپنے ادارے اور ملک و قوم کے لئے 25سے 40سال تک اپنی خدمت ذمہ داری ، محنت اور ایمانداری سے سرانجام دیتے ہیں۔ حکمران بخوبی جانتے ہیں کہ کس طرح ایک محنت کش دن رات اپنی خدمات پیش کرتا ہے جب بڑھاپے کی دہلیز پر قدم رکھتا ہے تو پھر ریاست پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے عملی اقدامات اٹھائے جن کی ہدایت پر محنت کش اپنی باقی مانندہ زندگی سکون و باعزت طریقے سے گزار سکیں انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں ایک لاکھ روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے شخص کا گزراوقات ناممکن ہے تو ایسے میں پندرہ ہزار سے بیس ہزارپنشن لینے والے پنشنر کیسے گزارا کرتے ہونگے۔ آل پاکستان ریلویز پنشنرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر محمد رضوان نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں یہی حاضر سروس ملازمین کی تنخواہیں میں اضافہ کیا گیا لیکن پنشنرز کو نظر انداز کیا گیا ۔انہوں نےوزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں مہنگائی کی تناسب سے 100 فیصد اضافہ کیا جائے اور ادویات کی بڑھتی ہوئی ہوشربا قیمتوں میں اضافے کے سبب ان کو دیئے جانے والے میڈیکل الاؤنس میں بھی سوفیصد اضافہ کیا جائےتاکہ اس مشکل دور میں عزت کے ساتھ باوقار زندگی گزار سکیں۔