پشاور اور نوشہرہ کی ہزاروں ایکڑ اراضی کو آبپاش کیا جائے گا، حاجی فضل الہٰی

June 01, 2023

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے نگران صوبائی وزیر برائے آبپاشی حاجی فضل الہٰی نے کہا ہے کہ ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سٹم منصوبے سے پشاور اور نوشہرہ کی ہزاروں ایکڑ اراضی کو آبپاش کیا جائے گا جبکہ اس منصوبے کی تکمیل سے پانی کے بہاؤ میں ساڑھے سات سو کیوسک تک اضافہ ہوگا.جس سے کاشتکاروں کے پانی کی کمی کے مسائل حل ہوجائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سٹم منصوبے کے حوالے سے پراجیکٹ ڈائریکٹوریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم روح المحسن نے نگران صوبائی وزیر فضل الہٰی کو ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سٹم منصوبے پر تفیصلی بریفنگ دی. بریفنگ کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کیا کہ ورسک ڈیم سے پانی کا بہاؤ پانچ سو کیوسک ہے جو ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سٹم منصوبے کی تکمیل کے بعد 1250 کیوسک ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید بریف کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ساڑھے سات سو کیوسک پانی کا بہاؤ بڑھے گا. جس کو آبپاشی اور پینے کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران نگران صوبائی وزیر کو منصوبے کے تعمیراتی کام و ترقیاتی امور، افادیت، لاگت، اخراجات کے حوالے سے تفصیلی اعدادوشمار اور درپیش مسائل و مشکلات سے اگاہ کیا گیا۔نگران صوبائی وزیر آبپاشی فضل الٰہی نے بریفینگ میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹوریٹ کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیم کسی بھی ملک کی زراعت و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ بہترین نظام آبپاشی نہ ہونے کی وجہ سے زراعت کا شعبہ اکثر متاثر ہوتا رہتا ہے۔ ورسک ڈیم سے پشاور و نوشہرہ کے زیادہ تر علاقے سیراب ہوتے ہیں۔نگران صوبائی وزیر آبپاشی حاجی فضل الہٰی نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔جبکہ درپیش چیلنجز کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔