امن اور سیکورٹی میں خواتین کی آواز ہونی چاہئے، مقررین

June 01, 2023

پشاور (وقائع نگار ) پیمان ٹرسٹ کے زیر اہتمام معاشرے میں امن کے قیام میں خواتین کے کردار پر صوبائی کنونشن کا اہتمام کیا گیا۔ پیمان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسرت قدیم نے کنونشن کے اغراض مقاصد بیان کئے اور کنونشن میں سماجی ہم آہنگی اور ملک میں امن کے قیام میں خواتین کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی، اس حوالے سے مواقع اور چیلنجوں سمیت امن کے قیام میں خواتین کے کردار کے بہترین تجربات بیان کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیمان نے وویمن پیس اور سیکورٹی ایجنڈے کو مقامی ثقافت کے سیاق وسباق کے مطابق بنا دیا ہے جس کے پاکستان میں پالیسی سازی پر مثبت اثرات پڑیں گے جو عالمی امور میں ایک بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیمان ٹرسٹ آؤ امن سے جئے پروگرام کے تحت خواتین سماجی ومعاشی طور با اختیار بنا رہا ہے تاکہ وہ سماجی ہم آہنگی کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہزاروں خواتین قائدانہ صلاحیتوں سے مالا مال کیا گیا ہے جو اب معاشرے میں برداشت، مذہبی ہم آہنگی اور مختلف کمیونٹیز کو قریب لانے کے لئے کام کر رہی ہیں۔ دیگر مقررین نے کہا کہ امن اور سیکورٹی میں خواتین کی آواز ہونی چاہئے تاکہ وہ فیصلہ سازی میں کردار ادا کرسکے۔ ایک کاروباری خاتون زارا نے اپنے تجربات بیان کئے۔ بشریٰ حیدر نے کہا کہ ماں اور استاد کی حیثیت سے خواتین نئی نسل کو اقدار منتقل کرتی ہیں خواتین امن کے قیام اور تشدد کے خاتمے میں نمایاں حیثیت اور کردار کی حامل ہیں۔ شاہین نے کہا کہ خواتین ثقافت کی محافظ ہیں خیبر پختونخوا میں انہوں نے کمیونٹیز کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے خواتین کمیونٹیز کے امن اور تحفظ میں کردار ادا کر رہی ہیں لیکن انہیں وہ مطلوبہ توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مناسب سطح پر خواتین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ کنونشن میں کہا گیا کہ وقت آگیا ہے کہ خواتین کے کردار کو تسلیم کیا جائے۔