عوام کے خون پسینے کی کمائی نیشنل گیمز پر خرچ کردی گئی‘ جمعیت نظریاتی

June 01, 2023

کوئٹہ (آن لائن )جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستارچشتی نے کہاہے کہ نیشنل گیمزمیں پسماندہ صوبے کی خطیررقم صرف آتشبازی میں اڑائی گئی حالانکہ یہ رقم دارالحکومت یادیہی علاقوں میں غریب خاندانوں میں تقسیم کی جاسکتی تھی تاکہ ان کی مدد کی جاسکے لیکن افسوس کے ساتھ کہناپڑتاہے کہ نااہل حکومت نے عوام کے خون پسینے کی کمائی کے کروڑوں روپے نیشنل گیمز پر خرچ کئے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے سیلاب زدگان اب تک کھلے آسمان تلے زندگی بسرکررہے ہیں ان کو امداد کے لئے اب تک ایک پائی بھی نہیں ملی اور نیشنل گیمز کے لئے کروڑوں روپے خرچ ہور ہے ہیں، سستا آٹا خریدنے کے لئے دھکے کھانے والوں کا نیشنل گیمز سے کیا سروکار ہے ،معاشی بدحالی کے باوجود نیشنل گیمز پر اتنی خطیر رقم خرچ ہونا اس صوبے کی بدقسمتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ،مہنگائی اور روپے کی قدرمیں کمی کے باعث تمام کاروبار ٹھپ ہوگیا۔ ملک میں ہر شعبہ زوال کا شکار ہے تو دوسری جانب رات بھرآتش بازی پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے ۔