ایم کیو ایم اپنی سیاست کیلئے کوئی نہ کوئی بیانیہ پیدا کرتی رہتی ہے، شرجیل میمن

June 01, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اطلاعات ،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنی سیاست کے لئے کوئی نہ کوئی بیانیہ پیدا کرتی رہتی ہے،آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ سندھ نے ایسی پبلک ٹرانسپورٹ جن میں سی این جی کٹ لگی ہیں ان کو فوری ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق صوبے میں محکمۂ ٹرانسپورٹ کے ڈپوز پر قبضوں کو خالی کرایا جائے گا، موٹر وے کی طرز پر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ایک فورس بنانے جارہی ہے یہ فورس روڈ ٹرانسپورٹ کو ٹر یفک اور ڈرائیونگ کے قواعد و ضوابط کے مطابق چلانے کی نگرانی کے فرائض انجام دے گی اور گورنمنٹ ٹرانسپورٹ کو بھی مانیٹر کرے گی، انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی درخواست پر نئے بجٹ میں 500 بسوں کی فراہمی کی تجویز زیرِ غور ہے جبکہ سندھ کے تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی بسوں کی سروس کو توسیع دیئے جانے کی اسکیم پر کام جاری ہے۔