ڈھیری باغبانان میں دو دن سے بجلی غائب عوام بے حال ہوگئے

June 02, 2023

پشاور(جنگ نیوز)صوبائی دارالحکومت کے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی والے علاقہ ڈھیر باغبانان میں پچھلے48گھنٹوں سے بجلی غائب ہے جس کی وجوہات بھی نہیں بتائی جارہیں جبکہ ماہ رمضان کے بعد علاقے میں گیس بھی غائب ہے اور اکثر گیس کے پائیپوں میں پانی بھی آرہا ہے جو کہ تشویشناک ہے بجلی اور گیس بندش کی وجہ سے ہزاروں گھرانے انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں بجلی اور گیس کی بندش کی وجہ سے اکثر افراد بغیر ناشتہ کئے ہی دکانوں اور دفاتر جارہے ہیں جبکہ طلباء وطالبات بھی بھوکے پیٹ سکولوںکو جارہے ہیں زندگی کی بنیادی ضرورت کی ناپیدگی کی وجہ سے خواتین خانہ کو امور خانہ داری میں سخت زہنی کوفت اٹھانا پڑرہی ہے اور آئے روز گھروں میں لڑائی جھگڑ ے کی نوبت تک آجاتی ہے۔ مقامی عمائدین کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس کے ماہانہ بل باقاعدگی کے ساتھ ٹائم پر اور پورے ادا کرتے ہیں اور ان کمپنیوں اور ادارے کا حال یہ ہے کہ صارفین کو ہی اذیت پہنچا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بجلی کے کام سے منسلک تاجر ودکاندار سارا سارا دن بنا کام کئے اور بنا کچھ کمائے ہی گھروں کو لوٹ جاتے ہیں اور ہاتھ اٹھا اٹھا کر پیسکو اورمحکمہ گیس کے ذمہ داروںکو بددعائیں دیتے ہیں انکا کہنا تھا کہ پیسکو کے اہلکار خودتو مفت بجلی لیتے اور بھاری بھر کم تنخواہیں وصول کرتے ہیں اور جب خدمات کی ادائیگی کا وقت آتا ہے تو صارفین کا فون اٹھانا بھی گوارا نہیں کرتے اور کام چوری و سستی برتتے ہیں انہوں نے وفاقی وزیر توانائی، چیف ایگزیکٹو پیسکو ،جی ایم سوئی گیس اورمیئر پشاور زبیر علی سے احوال کی درستگی کا مطالبہ کیا ہے ۔