ریسکیو1122نے مئی میں19906مختلف ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کیں

June 02, 2023

پشاور (جنگ نیوز) خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو1122) نے مئی میں 19906 مختلف ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کیں۔ ریسکیو 1122ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ صوبائی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ماہانہ اجلا س میں پراونشل مانیٹرنگ سیل(PMC)کیجانب سے ماہانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی گئی اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے بتایا کہ گزشتہ ماہ مئی کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں 1887ٹریفک حادثات رونما ہوئے جبکہ 12225میڈیکل، 369آگ لگنے کے واقعات،349جرائم، 50 ڈوبنے کے واقعات،18عمارتیں منہدم،مختلف نوعیت(سلنڈر)کے15جبکہ521دیگر ایمرجنسیز کے دوران سہولیات فراہم کی گئیں۔ جس میں 19453 افرادکو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ مئی میں مختلف ایمرجنسیز کے دوران 369 افراد جان بحق ہوئے۔ ڈاکٹر خطیر احمد نے بتا یا کہ ریسکیو 1122 نے ریفرل ایمبولینس سروس کے زریعے 4472 ایمرجنسیز میں زخمیوں و مریضوں کو خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کے چھوٹے ہسپتالوں سے بہتر علاج معالجے کے لیے دوسرے اضلاع کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا، ریسکیو1122 کیجانب سے ڈینگی سے متعلق آگاہی مہم اور سول ڈیفنس سمیت دیگر اداروں کو زندگی بچانے کی بنیادی طبی امداد اور آگ سے بچاؤ کی تدریسی و عملی تربیت بھی جاری ہے۔