جونیئر ہاکی ایشیا کپ کی سلور میڈلسٹ پاکستان ٹیم کی آج وطن واپسی

June 03, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جونیئر ہاکی ایشیاکپ میں سلور میڈل جیتنے والی قومی ٹیم ہفتے کو وطن واپس پہنچے گی۔ عمان میں ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی ٹیم کو سخت مقابلے میں بھارت سے 1-2 شکست کاسامنا کرنا پڑا تھا۔ ہیڈ کوچ اور کنسلٹنٹ رولینٹ اولٹمنز نے ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ ہے ۔ فائنل کے ابتدائی مرحلے پر بھارت پر دباؤ رکھا، ہارجیت کھیل کاحصہ ہے، ان لڑکوں کو جتنے زیادہ مواقع ملیں گے، اتنا ہی ان کے کھیل میں نکھار آئے گا۔ کوچ ذیشان اشرف نے کہا کہ بدقسمتی سے فائنل میں ہار گئے لیکن خوشی بھی ہے کہ بہت کم پریکٹس کے باوجود پلیئرز نے بہت بہترین کھیل پیش کیا۔ اب توجہ جونیئر ورلڈ کپ کی جانب ہے۔