کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ سیٹ اپ پر سوال اٹھنے لگے، چھ ماہ کا عرصہ گذرنے کے باوجود فیڈریشن کے انتخابی مراحل شروع نہیں ہوئے۔ الیکشن کمیشن اور اسکروٹنی کیمٹیاں تک قائم نہیں کی گئیں ۔ انتخابی مراحل میں سست روی پر سابق ہاکی اولمپئنز، انٹر نیشنل پلئیرز اور پی ایچ ایف کانگریس کے بعض ارکان تحفظات کا اظہار کررہے ہیں۔عبوری صدر محی الدین وانی صدارت سنبھالنے کے بعد سے ہاکی ٹیموں کی بیرون ملک مقابلوں میں شرکت کے معاملات میں الجھے ہوئے ہیں، جس میں فنڈ کا حصول بھی شامل ہے۔ دوسری جانب فیڈریشن کی جانب سے ملک بھر میں تقسیم کی جانے والی ہاکی اسٹکس بھی موضوع بحث بن گئی ہیں۔