• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارم کی بحالی، بابراعظم 6 سال بعد فرست کلاس کرکٹ میں واپس، دسمبر 2022 سے ٹیسٹ سنچری نہیں بناسکے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم چھ سال بعد پاکستان میں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس میں بابر اعظم او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے۔ گریڈ ون فرسٹ کلاس کا دوسرا راؤنڈ 18 ستمبر سے شروع ہو گا۔ بابر اعظم وطن واپسی پر تمام معاملات طے کرنے کے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کھیلیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ طویل فارمیٹ کیلیے اپنی فارم اور ردھم برقرار رکھ سکیں۔ اس پر پی سی بی نے یہ انتظام کیا۔ بابر اعظم دسمبر 2022 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری نہیں بنا سکے۔ 2023 سے اب تک 39 اننگز میں ان کی اوسط صرف 30.43 رہی ہے جبکہ اس دوران وہ صرف آٹھ نصف سنچریاں بنا سکے۔خیال رہے کہ بابر اعظم سے قبل شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا سمیت کئی قومی کرکٹرز بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ٹیسٹ اور آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کے باعث قومی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں زیادہ شرکت کی ہدایت کی جاتی رہی ہے۔ پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ٹیسٹ اسپیشلسٹ کو سالانہ کم از کم 6، ٹیسٹ و ون ڈے اسپیشلسٹ کو 4، جبکہ وائٹ بال اسپیشلسٹ کو 2 فرسٹ کلاس میچز کھیلنا لازم ہیں۔
اسپورٹس سے مزید