تجاوزات اور غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

June 03, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے کراچی میں قانونی تجاوزات اور پانی چوروں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے،اس حوالے سے چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سندھ حکومت نے تجاوزات اور پانی چوروں کو سخت سزائیں دینے کی حکمت عملی مرتب کی گئی ، اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن ، سینیئرممبر بورڈ آف ریونیو بقاء اللہ انڑ ، سیکریٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ ، واٹر بورڈ پولیس ،رینجرز حکام اور دیگر نے شرکت کی ، چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ کراچی شہر میں تجاوزات اور پانی چوروں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے گی، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف آج سے ضلع شرقی اور ضلع غربی میں آپریشن کیا جائے گا، غیر قانونی ہائیڈرنٹس دوبارا فعال ہوئے تو متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تجاوزات اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی میں پولیس اور رینجرز بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ حصہ لے گی، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق کیا جائے گا، اینٹی انکروچمنٹ فورس کا بجٹ بھی بڑھادیا ہے ۔