پراپرٹی ٹیکس کے واجبات ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

June 03, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پراپرٹی ٹیکس کے واجبات30 جون تک ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ،سندھ اربن پراپرٹی ٹیکس ایکٹ 1958 کے تحت جایئداد کی ضبطی اور نیلامی عمل میں لائی جائے گی ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ سندھ اربن پراپرٹی ٹیکس کلیکشن میں حائل رکاوٹوں اور پیچیدگیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے، صنعتی، رہائشی اور کمرشل جائیدادوں پر واجب الادا ٹیکس ہر صورت وصول کیا جائے،نادہندگان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کا آغاز کیا جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس کے دوران کیا جس میں ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس شبانہ پرویز، پاکستان پوسٹل سروسز کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وہ پراپرٹی ٹیکس نادہند جن کے ذمہ کثیر رقوم واجب الادا ہیں اور متعدد نوٹسز اور یاددہانیوں کے باوجود وہ ہٹ دھرمی کی روش پر کاربند ہیں ان کے خلاف فیصلہ کن اور سخت ترین کارروائی کا آغاز کیا جائے۔