پشاور، پٹرول قیمتیں کم نہ کرنے اور کم گیج پر 3 فلنگ سٹیشن منیجرز گرفتار

June 03, 2023

پشاور (جنگ نیوز) صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ باقاعدگی سے فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ کر رہی ہے اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کی ہدایت پر انتظامی افسران نے جی ٹی روڈ، رنگ روڈ، ورسک روڈ، چارسدہ روڈ، کوہاٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے نئے لاگو ریٹ پر پٹرول و ڈیزل کی عوام کو فراہمی پر عمل درآمد کویقینی بنایا۔ انتظامی افسران نے فلنگ سٹیشنوں میں پٹرول و ڈیزل گیج کا بھی معائنہ کیا۔پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں کم نہ کرنے اور کم گیج رکھنے پر مختلف علاقوں سے تین فلنگ سٹیشن منیجرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کے مطابق ضلعی انتظامیہ پشاور میں حکومت کی جانب سے پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے کے بعد ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور ان ضمن میں انتظامی افسران پشاور بھر میں فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ کر رہے ہیں تاکہ عوام کو نئے ریٹس پر پٹرول و ڈیزل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔