اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی کی وارداتیں، شہری لاکھوں سے محروم، ایک گھر کے دونوں فلور پر ڈاکہ

June 03, 2023

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی اسلام آباد میں ڈکیتی ، سرقہ بالجبر، سٹر یٹ کرائم، نقب زنی ،چوری ،خیانت مجرمانہ کی درجنوں وارداتوں میں 3گاڑیاں، 43موٹر سائیکل، لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان اڑا لیا گیا۔ تھانہ آر اے بازار کی حدود قصائی چوک میں افضل سے دونامعلوم موٹرسائیکل سوار وں نے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل، موبائل فون اور 40ہزار روپے، ٹیکسلا کی حدودمیں حاشر سے اسلحہ کی نوک پر اپلائیڈ فار موٹر سائیکل اور موبائل فون، حافظ محمد بلال سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل اور دو موبائل فون، صدر واہ کینٹ کی حدود میں عمیر سے اسلحہ کی نوک پرموٹر سائیکل اور موبائل ، روات کے علاقہ میں کانسٹیبل محمد دانیال سے موٹر سائیکل سواروں نے اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل اور موبائل فون چھین لیا۔ وارث خان پولیس کو عمران نے بتایا کہ چاہ سلطان گلی میں دونامعلوم موٹر سائیکل سوارآئے اور اسلحہ کی نوک پر 28لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے۔ تھانہ سنبل کے علاقے سے محمد شعیب سے موٹر سائیکل ،دو موبائیل اور نقدی چھین لی گئی ،ویسٹریج پولیس کو مسکن نے بتایا کہ صبح چار نامعلوم افرا د گھر کے دروازے توڑ کر اندرداخل ہوئے جہاں میری بہو اپنے بچوں کے ساتھ موجود تھی ۔ ملزما ن نقدی 10000 روپے ،سونا مالیتی 10 لاکھ روپے اور موبائیل چھین کر لے گئے۔ فرسٹ فلور پر بھی انہی چار افراد نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا، ہم دونوں میاں بیوی کو یرغمال بنایا اور 1لاکھ روپے اور میری بیوی کے کانٹے چھین کر فرار ہوگئے۔ائیر پورٹ پولیس کو قمر شہزادنے بتایا کہ اچانک تین نامعلوم موٹرسائیکل سوار دوکان کے اندر داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر ہم سےدو موبائیل فون اور 10لاکھ روپے چھین لی ۔