آن لائن حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم

June 04, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے آن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا۔ایپ چلانا نہیں آتی، سگنل نہیں آتے، موبائل نہیں، یہ سارے بہانے ہیں،عدالتی ریمارکس۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو صوبے میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ سیکرٹری تعلیم اکبر لغاری عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ہم نے اپنی کوششیں کیں، اب اساتذہ کی حاضری 77 فیصد ہوگئی ہے، اکثر اساتذہ کے پاس اینڈرائیڈ موبائل فون نہیں، تو کچھ ایپ کا بہانہ بنا رہے ہیں۔ سیکرٹری تعلیم کے مؤقف پر چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ ایپ چلانا نہیں آتی، سگنل نہیں آتے، موبائل نہیں، یہ سارے بہانے ہیں، سعودی عرب سے کوئی وائس میسج کرتا ہے تو وہ سن لیتے ہیں، لوگوں سے گھنٹوں گھنٹوں بات کرلیتے ہیں، تب سگنل آرہے ہوتے ہیں، اساتذہ ٹک ٹاک سے بھی مزے لے رہے ہیں، باقی آن لائن سسٹم پر حاضری کے لیے انٹرنیٹ نہیں ان کے پاس، یہ سارے بہانے ہیں، جو حاضری نہیں لگا رہا ان سب کی تنخواہیں بند کریں، تنخواہیں بند ہونگی تو اساتذہ اس فون سے بھی حاضری لگائیں گے۔