پی پی ہر قسم کے غیر قانونی ہتھکنڈے اختیار کر کے اپنا میئر لانا چاہتی ہے، حافظ نعیم

June 04, 2023

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر قسم کے غیر قانونی و غیر آئینی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے اختیار کر کے کسی نہ کسی طرح کراچی میں اپنا میئر لانا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی خرید و فروخت کر کے اور انسانوں کی منڈیاں لگا کر اپنے منہ پر کالک ملنا چاہتی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے میئر کے انتخابات کے لیے من پسند شیڈول جاری نہ کرنے پر وفاقی حکومت سے علیحدہ ہونے کی دھمکی دی تھی، جماعت اسلامی میئر کے انتخابات کے لیے پیپلز پارٹی کی طرف سے کی گئی قانون سازی کو عدالت میں چیلنج کرے گی۔ کراچی کی اصل آبادی ساڑھے تین کروڑ ہے، نادرا کا ڈیٹا اور بجلی و گیس کے میٹرز اور صارفین کی تعداد کے اعداد وشمار اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی محض چند لاکھ کا اضافہ کر کے کی گئی گنتی، حقیقی نمائندگی اور وسائل پر ڈاکے اور سودے بازی کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔