ہیلتھ سکریننگ کامقصد جوانوں کوبیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے،آئی جی

June 04, 2023

لاہور(کر ائم رپورٹرسے) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہیلتھ سکریننگ کیمپ کا اچانک دورہ کیا اور کیمپ میں موجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سے سکریننگ اور ویکسینیشن بارے دریافت کیا ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبے کی تمام رینجز اور اضلاع میں پولیس ملازمین کی مرحلہ وار ہیلتھ سکریننگ کی گئی ہے جس کے تسلسل میں سی پی او کے تمام پولیس ملازمین کی ہیپاٹائٹس بی اینڈ سی، بلڈ پریشر، شوگر سمیت مختلف امراض بارے سکریننگ بھی کروائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہیلتھ سکریننگ کا مقصد خطرناک و موذی بیماریوں سے پولیس کے جوانوں کو محفوظ رکھنا ہے لہذا سکریننگ کے نتیجے میں فورس میں تشخیص کی جانے والی بیماریوں کا بہترین علاج معالجہ کروایا جائے گا،آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کے بعد ان کے بیوی بچوں کی سکریننگ اور ویکسینیشن کروائی جائے گی تاکہ انہیں بھی ہیلتھ ایمر جنسی سے بچایا جا سکے ۔