سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کے لئے ترکیہ پر امریکی دباؤ

June 05, 2023

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ کانگریس کے ارکان ترکیہ ایف 16لڑاکا طیاروں کی فراہمی کو انقرہ کی جانب سے نیٹو میں سوئیڈن کے الحاق کی منظوری سے منسلک کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایف 16جنگی طیاروں کے حوالے سے ہماری انتظامیہ بہت واضح ہے کہ اتحاد کے ایک اہم رکن کے طور پر ترکیہ کے لیے لڑاکا طیاروں اور ان کی جدید کاری کٹس کا ہونا ضروری ہے۔ بلنکن نے ترکیہ اور ہنگری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد سٹاک ہوم کے الحاق پر رضامند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انتظار کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے تسلیم کیا کہ نیٹو کے کسی بھی رکن کو اپنے تحفظات کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے۔ انقرہ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ بلنکن نے کہا کہ امریکا کے نقطہ نظر سے اب نیٹو میں سوئیڈن کی شمولیت کے عمل کو مکمل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ترکیہ کی جانب سے خدشات کو دور کرنے کے لیے بہت اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس لیے ہمیں امید ہے کہ آنے والے ہفتوں میں یہ عمل مکمل ہو سکے گا۔ واضح رہے کہ ترکیہ اپنی فضائیہ کے بیڑے کو جدید بنانے کے لیے ایف 16لڑاکا طیارے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انقرہ نے روس سے ایس400 نظام خرید ا تھا،جس کے بعد امریکا نے اسے ایف 35 لڑاکا طیاروں کی پانچویں جنریشن کے پروگرام سے خارج کردیا تھا۔ مارچ میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک سوئڈن کے نیٹو میں شمولیت پر راضی نہیں ہو سکتا۔