آئی جے پرنسپل روڈ پراجیکٹ مکمل، وزیر اعظم رواں ہفتے افتتاح کرینگے

June 05, 2023

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے نے آئی جے پر نسپل روڈ کا میگا پراجیکٹ مکمل کر لیا ۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف رواں ہفتے اس پراجیکٹ کا با ضابطہ افتتاح کریں گےتاہم یہ ٹریفک کیلئے پہلے ہی کھولی جا چکی ہے۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق پشاور روڈ سے فیض آ باد فلائی اوور تک اس شاہراہ کو چار رویہ سے آٹھ رویہ کرنے پر پانچ ارب 60کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔ فقیر ایپی روڈ پر اور نائنتھ ایو نیو کے سا منے فلائی اوورز تعمیر کئے گئے ہیں۔ کٹاریاں اور منڈی موڑ پر نالے کے پلوں کی توسیع کی گئی ہے ۔ اطراف میں لینڈ سکیپنگ کی جارہی ہے تاہم اب بھی آئی نائن کے سامنے گرین بیلٹ میں تجاوزات موجود ہیں۔ سی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ کی ملی بھگت سے گرین بیلٹ میں تعمیراتی میٹر یل کی دکانیں بن گئی ہیں جن کی تعداد در جنوں میں ہے۔ سی ڈی اے نے روڈ کو پیدل کراس کرنے والوں کیلئے 8 مقامات پر پل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی تعمیر کا آرڈر دیدیا گیا ہے۔ یہ برج نیو ٹیکک یونیو ر سٹی ‘ ر یلوے کیرج فیکٹری ‘ منڈی موڑ سے پہلے اور بعد ‘ پنڈ ورہ ‘ کٹاریاں ‘ خیابان سر سید اور نائنتھ ایونیو کے سامنے تعمیر کئے جا ر ہے ہیں۔پنڈورہ کے مقام پر ایک انڈر پاس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔