ایم اے جی آفس، اعلیٰ حکام کی دفترمیں موجودگی تک سٹاف چھٹی نہیں کر یگا

June 05, 2023

راولپنڈی (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے ) ملٹری اکاونٹنٹ جنرل آفس نے دفتری اوقات پورا ہونے پراعلٰی حکام (ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل وغیرہ) کی موجودگی کے دوران افسران اور ملازمین کے چھٹی کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اعلٰی حکام دفتر میں موجود ہوں کوئی افسر یا ملازم چھٹی نہیں کریگا، اکاونٹس آفیسر ظفر حسین کی جانب سے ایم اے جی آفس کے تمام شعبوں کے سیکشن ، گروپس وغیرہ کے افسران کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ دفتر کے اعلٰی حکام کی موجودگی کے دوران چھٹی کا وقت ہونے پر افسران اور ملازمین دفتر سے چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے اہم امور کی انجام دہی میں مشکلات درپیش ہیں،بعض اوقات اعلیٰ حکام کو اہم نوعیت کے دفتری امور کے حل کے لئے سرکاری دستاویزات اور اپنے عملے کے ساتھ بات چیت کی ضرورت ہوتی ہے لیکن افسران اور متعلقہ عملہ اپنے سیکشن/گروپ میں موجود نہیں پایا جاتا ، ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل نے اس کا سخت نوٹس لیا ہے ،تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دفتری اوقات کے بعد بھی اعلٰی حکام کی آفس میں موجودگی تک چھٹی نہیں کر سکتے، افسران و ملازمین سے کہا گیا ہے کہ دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے بصورت دیگر کوتاہی برتنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے گی۔