ایبٹ آباد‘ روٹی کی قیمت کم نہ کرنیوالے دکانداروں کیخلاف کارروائی

June 05, 2023

پشاور (جنگ نیوز) ایبٹ آباد انتظامیہ نے نرخوں میں کمی کے باوجود روٹی کی قیمت کم نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانیں سیل اور بھاری جرمانے عائد کئے۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ارشد محمود نے ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے مارکیٹوں کا معائنہ، روٹی کے ریٹ اور وزن پر عملدرآمد کیا اور خلاف ورزی پر متعدد دکانیں سیل اور جرمانہ عائد کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے فروٹ، سبزی چکن، گوشت کی دکانوں کا معائنہ بھی کیا، پرائس لسٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا اور خلاف ورزی پر کاروائی عمل میں لائی۔ شہریوں سے گزارش کی گئی کہ پرائس کے حوالے سے اپنی شکایات سے ہمیں ضلعی کنٹرول روم نمبر 09929310553 پر اپنی شکایات نوٹ کرائیں۔دریں اثناءایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرایبٹ آباد ون علی شیر خان خلیل نے روٹی کی قیمت کے حوالے سے شہریوں سے موصول شکایات پر عملدرآمد کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے میں آٹے کے پیڑے، پکی روٹی کا وزن سرکاری اعلامیہ کے مطابق نافذ کرایا گیاجبکہ نوٹیفکیشن آویزاں نہ کرنے، روٹی کے معیاری وزن و قیمت کم نہ کرنے والوں و دیگر دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔شہریوں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ اپنی شکایات ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبر پر نوٹ کرائیں۔