کوئٹہ کے مضافاتی علاقے مسائلستان کا نقشہ پیش کررہے ہیں، عبدالمتین اخوندزادہ

June 07, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ ڈویلپمنٹ محاذ کے کنونیئر عبدالمتین اخونزادہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے مضافاتی علاقے مسائلستان کا نقشہ پیش کررہے ہیں ، آنے والے بجٹ میں عوامی مفادات کے لئے ضروری بنیادی فیصلے کئے جائیں ، یہ بات انہوں نے کیو ڈی ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ملک مصلح الدین مینگل ایڈووکیٹ ، سردار حبیب بڑیچ ، نذیر بازئی ، حاجی موسی جان جمال زئی ، انجینئر عزیز بازئی ، فرید بگٹی ، ملک لقمان خان بازئی ، عجب خان ناصر ، سید فضل الرحمٰن شاہ کے ہمراہ منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ عبدالمتین اخونزادہ نے کہا کہ کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ کے لئےچھ میونسپل کارپوریشن کی تجویز رکھی جبکہ کیو ڈی ایم مسلسل مضافاتی علاقوں ہزار گنجی ، پنجپائی ، میاں غنڈی ، ہنہ اڑک ، بلیلی ، ہزارہ ٹاؤن ، قمبرانی اور مارواڑ میں میونسپل کمیٹیاں تشکیل دینے کی قانون سازی کے لئے متحرک اور فعال رہی تاہم کوئٹہ سے ممبران صوبائی اسمبلی نے وزیر بلدیات کی سربراہی میں اجلاس میں غیر منطقی اور عام آدمی کے مفادات کے برعکس کمزور فیصلہ کیا جسے کیو ڈی ایم مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے عوام سے میونسپل سروسز کی بحالی، مجموعی طور پر معاشرتی و سماجی ترقی و خوشحالی کے لئے فعال و متحرک بلدیاتی اداروں کی ازسرنو تشکیل و انتخابات منعقد کرانے کے لئے ضروری کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کیو ڈی ایم کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ وزیر بلدیات نے اپنے ضلع میں چھ میونسپل کمیٹیاں تشکیل دیں اور اپنےضلع کو تقسیم کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ کوئٹہ کے ممبران اسمبلی و سیاسی جماعتوں کوصرف تسلیاں دی گئیں ضروری ہے کہ عوام ان کی گرفت کریں تاکہ ممکنہ طور پر معاشرتی ترقی و خوشحالی اور ضروریات زندگی کی بحالی کے لئے میونسپل سروسز کا ادراک و شعور پیدا ہو اور اچھی کارکردگی والے بلدیاتی اداروں کی ازسرنو تشکیل و انتخابات منعقد ہوسکیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ آنے والے بجٹ میں کوئی سرکاری گاڑی نہ خریدنے کا فیصلہ کیا جائے، غیرترقیاتی اخراجات کو پبلک کیا جائے ۔اس موقع پر کیو ڈی ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ملک مصلح الدین مینگل ایڈووکیٹ نے کہا کہ سریاب سمیت شہر کے مضافاتی علاقے مسائلستان کا نقشہ پیش کررہے ہیں ،سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر میں میں کمیشن اور کرپشن کے لئے لاکھوں انسانوں کو بیماریوں اور نفسیاتی امراض کا شکار بنادیا گیا ہے ،گیس ، بجلی ، پانی و صفائیکی صورتحال تباہ کن ہے، شیخ زید ہسپتال میں نہ تو عوام کو علاج کی سہولت دستیاب ہے اور نہ ہی ادویات دستیاب ہیں اس لئے سریاب ترقی پسند پینل نے کیو ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ان دیرینہ مسائل کے حل کے لئے عوامی تحریک کا آغاز کیااور 8 جون کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔