نشتر میں ذیابیطس کے مریضوں کومفت سہولیات فراہم کی جائیں گی

June 07, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) ذیابیطس کے مریضوں کے لیے ادویات اور دیگر سہولیات کی مفت فراہمی سے گزشتہ روز نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور ذیابیطس سنٹر ملتان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس میں نشتر کی نمائندگی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد جبکہ ملتان ذیابیطس سنٹر کی نمائندگی بانی و صدر ملتان ذیابیطس سنٹر بیگم فرخ مختار نے کی اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت بچے جن کو بچپن سے ذیابیطس ہے یا غریب اور مستحق مریض جو کہ ذیا بیطس کے مرض میں مبتلا ہیں کو مفت ادویات فراہم کی جائینگی اور یہ معاہدہ 10 سال کیلئے طے پایا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈیپارٹمنٹ آف اینڈو کرائنولوجی نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں اس وقت او پی ڈی اور ان ڈور سروسز مہیا کی جا رہی ہیں جہاں پر ذیابیطس کے علاج کے جدید طریقوں سمیت مریضوں کے پہننے کیلئے خصوصی جوتے بھی تیار کیے جاتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ نشتر میں پہلے سے موجود طبی سہولیات کی بہتری اور اضافے کی جانب ایک بہترین قدم ثابت ہوگا۔