عوام کی خدمت جمعیت بہتر انداز میں کرسکتی ہے‘ مولانا عبدالصمد

June 08, 2023

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما سابق صوبائی وزیر مولانا عبدالصمداخوندزادہ نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت جمعیت کے پلیٹ فارم سے جاری رکھیں گے اور جمعیت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے ،جمعیت سے خاندانی رشتہ ہے ہمارے آباؤاجداد نے خون پسینہ ایک کرکے جماعت کو فعال کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا ، ہم نے ہمیشہ پارٹی سے وفاداری دکھائی اور جمعیت کی چھتری تلے زندگی گزاری ۔مستقبل میں بھی جمعیت کے ساتھ وفادار رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت جمعیت ہی بہتر انداز میں کرسکتی ہے اور ماضی اس بات کی گواہ ہے کہ جمعیت نے عوام کے مسائل کے حل کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مطمئن رہیں جلد ہی عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے، کارکن افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنا کام جاری رکھیں۔ پارٹی کا پیغام پرامن اور شائستہ انداز میں گھر گھر پہنچا ئیں ،ہم کارکنوں کے ساتھ ہیں اور کارکنوں کی حوصلہ افزائی کریں گے ،جن کارکنوں نے مشکل میں ساتھ دیا وہ ہمارا سرمایہ ہیں، ان کی دادر سی ہمارا فرض ہے ۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔