کالعدم ٹی ٹی پی، لشکر جھنگوی اور لیاری گینگ کے 3 کارندے گرفتار،دستی بم برآمد

June 09, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سی ٹی ڈی نے ریڑھی روڈ ابراہیم حیدری کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے اہم رکن غلام نبی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم ٹی ٹی پی کے لیے فنڈ جمع کرتا ہے،ملزم واٹس ایپ اور ٹیلی گرام کے ذریعے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں سے رابطے میں تھا،ملزم ٹی ٹی پی کے لیے ریڑھی روڈ سے چندہ جمع کررہا تھا،ملزم کے قبضے سے چندے کی رسیدیں اور رقم برآمد کی گئی ہے، پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش دہشتگردی کی تربیت کے لیے پہلے پشاور پھر افغانستان جانے کا اعتراف کیا ہے ،علاوہ ازیں سی ٹی ڈی نے ریڈ بک میں شامل کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گرد احمد علی ٹی ٹی کو جامع سبحانی بزنس ریکارڈ روڈ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،پولیس کے مطابق ملزم اپنی تنظیم کے لئیے چندہ جمع کر رہا تھا ،ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ مختلف مساجد اور دیگر مقامات سے چندہ اکٹھا کر کے اپنی جماعت کو دیتا ہے اور یہ چندہ ٹیرر فنانسنگ کے لئیے استعمال کیا جاتا ہے، اس نے سال 2012 میں پولیس کانسٹیبل غلام محمد ، سجاد حسین کاظمی بلتی ، آصف کربلائی ، نئیر عباس ، موسیٰ کو قتل کیا ، 2011 میں نمائش پر ایک ریلی پر فائرنگ کی جسمیں 4 افراد قتل ہوئے، پولیس کے مطابق ملزم نے کئی جلائو گھیرائو کا بھی انکشاف کیا،ملزم اس سے قبل بھی جیل جا چکا ہے ،دریں اثنا ڈاکس پولیس نے بدنام لیاری گینگ وار کے کارندے عبدالخلیل اشرف زئی ولد اسماعیل کو دھماکہ خیز مواد سمیت مچھر کالونی سے گرفتار کرلیا ،ملزم کے قبضہ سے ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا ہے،گلشن معمار پولیس نے ناردرن بائی پاس مویشی منڈی کے روٹ پروارداتیں کرنے والے ملزم امیر اللّٰہ ولد شاہ محمد کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق ملزم کچی آبادی گلشن معمار جنجال گوٹھ سے آکر وارداتیں کرتا تھا،ملزم سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے۔