میری اراضی کی بندر بانٹ کا نوٹس لیا جائے‘ جان محمد کاکڑ

June 09, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)علمدار روڈ کے رہائشی جان محمد کاکڑ نے صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ علمدار روڈسرخار تار مومن آباد میں انہیں ان کی زمین سے زبردستی بے دخل کر نے کی کوششوں کا نوٹس لیا جائےیہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2008 میں علمدار روڈ سرخارتار مومن آباد میں 7154 فٹ زمین خریدی اور زمین کے مالک نے موقع پر زمین کی نشاندہی کرائی اور قبضہ حوالے کیا جس پر میں نے چاردیواری تعمیر کی بعد میں پولیس نے محکمہ پی ایچ ای کے کہنے پر دیوار گرائی اور مجھ پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا تاہم اس کیس میں باعزت بری ہونے کے بعد 2011ء میں سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی کہ انتقال کی رو سے زمین تقسیم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں سیشن کورٹ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تحصیلدار سٹی اور ڈپٹی کمشنر کو زمین تقسیم کرنے کا حکم دیا تاہم دس سال گزرنے کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہورہی جبکہ یہ بات علم میں آئی ہے کہ ایک صوبائی وزیر ، موجودہ اور سابق بیورو کریٹس نے اپنے عہدہ کا غلط استعمال کرکے میری زمین آپس میں بندر بانٹ کی ہے جس کے نتیجے میں یہ لوگ دو اقوام کے درمیان مبینہ طور پر فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں جس کی روک تھام کیلئے میں نے عدالت سے رجوع کرکے اس زمین پر اسٹے آرڈر لیا ہے اس کے بعد جو بھی قبائلی جھگڑا یا فساد ہوا اس کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ ، ایک صوبائی وزیر اور موجودہ و سابق بیوروکریٹس پر عائد ہوگی۔