مشاورت سے مارکیٹوں کے اوقات کار کا تعین کیا جائے، صدر اسلام آباد چیمبر

June 09, 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز)صدر اسلام آباد چیمبر احسن بختاوری نے کہا ہے کہ حکومت مارکیٹوں کے اوقات کار کے تعین کیلئے تاجر برادری سے مشاورت کرے،مشکل کاروباری حالات میں یکطرفہ پالیسی کا نفاذ فائدہ مند نہیں ہوگا،تاجر برادری توانائی کی بچت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کرتی ہے مگر مشاوت کے بغیر اقدامات کا ملکی معیشت کو نقصان ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈ ویلفیئر ایسو سی ایشن جی ایٹ ون کے جنرل سیکرٹری عبد الغفار چوہدری کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عبد الغفار چوہدری نے صدر اسلام آباد چیمبر کی 7ماہ کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی ایک اہم قدم ہے،صدر ٹریڈ ویلفیئر ایسو سی ایشن جی ایٹ ون ناصر چوہدری، ظفر بختاوری،خالد چوہدری، بابر چوہدری،امتیاز عباسی،نثار مرزا، ظریف احمد خان،شجاعت علی شاہ،سعید بھٹی،محمد حسین و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔