موسمیاتی تبدیلیو ں سے پاکستان میں موسمی انفرااسٹرکچر تبدیل ہوگیا، سیکرٹری ہیلتھ

June 09, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب مہر محمد حیات لک نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلیو ں کے شدید اثرات کے باعث پاکستان میں موسمی انفرااسٹرکچر ہی تبدیل ہو گیاہے، شدید موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہیٹ سٹروک کا شکارہونے والوں کوبروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جنوبی پنجاب کے تمام ہسپتالوں کو الرٹ کردیا گیا ہے، یہ باتیں انہوں نے محکمہ صحت، ریسکیو 1122اور غیر سرکاری تنظیم ہیلپ فاونڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیمینار میں ہیٹ سٹروک کے اسباب اور متاثرہ افراد کو ریسکیو ریسپانس دینے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور متعلقہ اداروں کی استعداد کار کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کو زیرِ بحث لایا گیا، سیمینار میں ڈپٹی سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر ماریہ ممتاز، ڈائریکٹر ورٹیکل پروگرام ڈاکٹر مسرت فرحان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان کے افسران، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملتان ڈاکٹر کلیم سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی، سیمینار کے اختتام پر مختلف شرکا میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔