سوڈان میں سعودی اور بحرینی سفارتخانوں پر حملے

June 10, 2023

خرطوم ( نیوز ڈیسک) سوڈان میں متحارب فریقین نے سعودی عرب اور بحرین کے سفارتخانوں پر دھاوا بول دیا۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ مسلح گروہوں نے سوڈان میں ہمارے سفارتخانے، سفیر اور عملے کے خلاف پرتشدد کارروائی کی ،جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ ادھر بحرین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس کے سفارتخانے اور سفیر کی رہایش گاہ پر حملہ کیا گیا جس سے عمارت کو نقصان پہنچا۔ بحرین کا کہنا تھا کہ پرتشدد کارروائیوں کو روکنے اور سفارتی مشن کے ہیڈکوارٹر اور عوامی مقامات کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ تنازع میں شامل تمام فریق قومی مفاد کو ترجیح دیں اور جنگ روکنے کے لیے سعودی عرب اور امریکا کے اقدامات پر سنجیدگی سے ردعمل دیں۔ یاد رہ کہ سعودی عرب اور امریکا نے 22 مئی کو متحارب فریقین کے درمیان مذاکرات شروع کرائے تھے،جو حالیہ کارروائیوں کے باعث سبوتاژ ہوگئے ہیں۔ سعودی سفارت کار کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں اب کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوسکی اور لڑائی کے فوری خاتمے کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔ سوڈانی آرمی چیف عبدالفتاح البرہان اور آر ایس ایف نے جدہ میں ملاقاتوں کے لیے ہفتے کے روز اپنے نمائندے بھیجے تھے۔