والدہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو قرارواقعی سزا دی جائے‘ بیٹیاں

June 10, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سبی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون عابدہ بی بی کی بیٹیوںنے حکومت اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ سے اپیل کی ہے کہ ان کی والدہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کو مبینہ طور پر ان کے سوتیلے بیٹوں نے پیسے دے کر دو افراد کے ذریعے قتل کرایا، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کیا جبکہ دوسرا ملزم ضمانت پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے سوتیلے بھائی اور دیگرملزمان انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں گزشتہ روز ان کے گھر پر حملہ بھی کیا گیا جس کی باقاعدہ اطلاع سبی پولیس کو دی گئی ۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ سے اپیل کی کہ ان کی والدہ کے قتل کا کیس سبی سے کوئٹہ منتقل کیا جائے کیونکہ انہیں سبی میں جان کا خطرہ ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ ان کی والدہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دی جائے اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے ۔