نئے تھانوں کے قیام کے بعد سواں کے نام سے نیا ڈویژن بھی قائم

June 10, 2023

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں نئے تھانوں کے قیام کے بعد تنظیم نو کرتے ہوئے"سواں " کے نام سے ایک نیا ڈویژن بھی قائم کر دیا گیا ہے اور کیپٹل پولیس کو پانچ ڈویژنوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ اس ضمن میں چیف کمشنر نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔قبل ازیں کیپٹل پولیس چار ڈویژنز صدر، سٹی ، رورل اور انڈسٹریل ایریا پر مشتمل تھی، تنظیم نو کے مطابق اب رورل ڈویژن میں تھانہ بنی گالہ، شہزاد ٹاؤن، بھارہ کہو، پھلگراں اور نیلور، سٹی زون میں تھانہ رمنا ، شالیمار، مارگلہ ، کراچی کمپنی، سیکرٹریٹ، آبپارہ ، کوہسار اور ویمن شامل ہوں گے، صدر زون تھانہ سمبل ، گولڑہ، ترنول اور سنگجانی پر مشتمل ہو گا ، نیا ڈویژن سواں تھانہ کھنہ ، کورال ، کرپا،سہالہ ، ہمک اور لوہی بھیر پر مشتمل ہوگا جبکہ انڈسٹریل ایریا زون تھانہ انڈسٹریل ایریا،سبزی منڈی،شمس کالونی اور نون پر مشتمل ہو گا۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر نے کہا ہے کہ نیا ڈویژنل پولیس افسر مقرر کیا جائے گا۔