وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر حاجی محمد منیر نے وٹفورڈ کے مقامی ریسٹورنٹ میں ایلسبری کے سابق میئر اور کونسلر چوہدری محمد طفیل، ظفر اقبال ممبر جامع مسجد ایلسبری، سابق میئر چشم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا ۔استقبالیہ میں وٹفورڈ کمیونٹی فورم کے چیئرمین امجد امین بوبی،چوہدری جاوید، حاجی محمد زرین راجہ ،حاجی طالب، شباب بھٹی، منصف چوہدری ، چوہدری محمد منظور و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔ سابق میئر کونسلر طفیل حسین چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کاخیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک میں معاشی استحکام اور جمہوریت کے فروغ کیلئے عام انتخابات ضروری ہیں ، سابق میئر چشم نے کہا چیف الیکشن کمشنر کے فیصلے کو بیرون ملک کشمیری و پاکستانی سراہتے ہیں۔ ظفیر بھٹی نے کہا عوام انتخابات میں ووٹ کی پرچی کا سوچ سمجھ کر استعمال کر یں،عام انتخابات میں نوجوان نسل کو اگے لانے کیلئے قومی بیداری کا ثبوت دیں۔ظفیر بھٹی نے کہا پاکستان کی سالمیت ،قومی خودمختاری، افواج پاکستان کا احترام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے عوامی مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر حاجی محمد منیر نے کہا حکومت پاکستان عام انتخابات 90دن میں کرائے جس کی آئین اجازت دیتا ہے، آئین سے بغاوت نہ کی جائے ۔ امجد امین بوبی نے کہا کہ عام انتخابات آئینی حدود کے مطابق ہونے چاہئیں،انہوں نے کہا عوام پر زبردستی کے فیصلے مسلط نہ کئے جائیں ۔ ووٹ کا درست استعمال عوام کو سرمایہ داروں ، وڈیروں ، جاگیر داروں سے نجات دلا سکتا ہے۔بیرون ملک کمیونٹی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی وقار میں اضافہ ہو ، انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے لوگوں کو انتخابات لڑنےکی اجازت نہ دی جائے جن پر بدعنوانی، فراڈ کے الزامات ہیں ۔ پاکستان کے فیصلے پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں ۔ رہنمائوں نے کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی مذمت کی ہے ، رہنمائوں نے کہا پاکستان سمیت تمام ممالک بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دینے کیلئے اقوام متحدہ کے فورم پر قراردار منظور کریں۔