اورنگی ٹاؤن: پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے گاڑی میں موجود شخص ہلاک

September 24, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر )اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے گاڑی میں موجود شخص ہلاک ہو گیا،گاڑی سے چھالیہ کی بوریاں برآمد ہوئیں،پولیس نے دو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدود اسلام چوک کے قریب پٹرولنگ پر مامور پولیس اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں گاڑی میں موجود شخص زخمی ہو گیا،اسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں وہ دم توڑ گیا مقتول کی شناخت کرلی گئی ہے۔گاڑی سے چھالیہ کی بوریاں برآمد ہوئیں ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے دونوں ملزم اہلکاروں کوگرفتار کرلیا ہے۔ایس ایس پی ویسٹ مہزور علی نے بتایا کہ ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں کاشف شاہ،وقاص،احمد اور وزیر احمد نے آلٹو کار نمبر vtw-646 کو رکنے کا اشارہ کیا، گاڑی کے نہ رکنے پر دو پولیس اہلکاروں کاشف اور احمد نے موٹر سائیکل پر اسکا پیچھا کیا ، اس دوران موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے ہوئے پولیس اہلکار نے ایس ایم جی سے گاڑی پر فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں گولی گاڑی کے عقبی شیشے کو توڑتے ہوئے کار سوار کے کندھے پر جا لگی جس سے ڈرائیور زخمی ہوا،ڈرائیور کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں وہ دم توڑ گیا۔مقتول کی شناخت اجمل ولد نثار کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او پاکستان بازار شکیل رند کے مطابق گاڑی سے گٹکے میں استعمال ہونےوالی چھالیہ کی 29 بوریاں برآمد ہوئی ہیں، گاڑی کے ساتھ ایک شخص موٹر سائیکل پر چل رہا تھا جو پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی کے عقبی سیٹ بھی موجود نہیں تھی اور وہاں پر چھالیہ کی بوریاں رکھی ہوئی تھیں۔