کراچی( اسٹاف رپورٹر )ضلع کیماڑی پولیس نے حساس ادارے اور کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے ہمراہ اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔آپریشن یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے پاس 100 فٹ روڈ پر واقع دو گوداموں پر کیا گیا۔گوداموں سے کروڑوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ پلاسٹک دانہ اور خشک دودھ برآمد کر لیا گیا۔ دونوں گوداموں سے برآمدہ نان کسٹم پیڈ سامان میں 10 ہزار سے زائد بوریاں پلاسٹک دانہ، 5 ہزار سے زائد بوریاں خشک دودھ اور دیگر اجناس شامل ہیں، برآمدہ اسمگل شدہ سامان کو 14 ٹرکوں کے ذریعے کسٹم وئیر ہاؤس شفٹ کرکے مزید کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق دوران آپریشن کچھ شرپسند عناصر نے حب ریور روڑ کو بلاک کرنے کی کوشش کی جسں پر ضلع کیماڑی پولیس نے بروقت ایکشن کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کے لئے کھلوایا جبکہ مذکورہ شرپسند عناصر کی شناخت کرلی گئی ہے جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔