پیرس (اے ایف پی) پیرس کے ایک مجسٹریٹ نے 2022 ورلڈ کپ فٹبال کی میزبانی قطر کو دینے کے سلسلے میں بدعنوانی کے شبہے میں ایشیائی فٹ بال کے سابق سربراہ محمد بن حمام کے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق متعدد سمن جاری ہونے کے باجود مجسٹریٹ کے سامنے پیش نہ ہونے پر وارنٹ 22 جون کو جاری کیا گیا تھا۔ ان پر قطر کو فٹ بال ورلڈ کپ دینے کے سلسلے میں ذاتی کرپشن کا الزام ہے۔ بدعنوانی اور مفادات کے ٹکراؤ کے الزامات کے بعدان پر فٹ بال سرگرمیوں میں حصہ لینے پر تاحیات پابندی ہے۔ خیال رہے کہ قطر نے ووٹنگ کے آخری مرحلے میں امریکا پر8 - 14 ووٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ مجسٹریٹس اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ یوئیفا کے سابق صدر مشیل پلاٹینی نے اپنا ووٹ بیچا تھا یا نہیں۔