ہائیکورٹ، عزیز بلوچ کے خلاف 5 مقدمات کا فیصلہ روکنے کا حکم برقرار

September 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ماتحت عدالت کو عزیر بلوچ کے خلاف درج 5 مقدمات کا فیصلہ کرنے سے روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے شریک ملزمان کو ازسرنو نوٹس جاری کردیئے، پراسیکیوٹر جنرل سندھ کی درخواست پر سماعت ہوئی، عزیر بلوچ کے وکیل پیش ہوئے، عدالت نے اے ٹی سی سے بھی کیس کا ریکارڈ طلب کرلیا اور ہدایت کی جب تک سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت درخواست پر حتمی فیصلہ نہیں ہوجاتا تب تک مقدمات کا فیصلہ نہ کیا جائے، عدالت نے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی، دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ٹرائل کورٹ پراسکیوشن کا مؤقف سنے بغیر کیسز کا فیصلہ کرنے جارہی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت نے پراسیکیوشن کا موقف سنے بغیر کیسز میں سائڈ کلوز کردی، ٹرائل کورٹ کو 5 مقدمات کا فیصلہ کرنے سے روکا جائے، ہائی کورٹ نے خصوصی عدالت کو عزیر بلوچ کے خلاف 5 مقدمات کا فیصلہ کرنے سے روک رکھا ہے، 5 مقدمات کلری اور کلاکوٹ تھانے میں درج ہیں جن میں غیر قانونی اسلحہ، دھماکہ خیز مواد رکھنے، قتل عام اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں ، عزیر بلوچ اب تک سنگین نوعیت کے 20 سے زائد مقدمات میں بری ہوچکا ہے۔