کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین مرکزی سیاسی سیل اسلامی تحریک پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیرحسن میثمی کاکہنا ہےکہ ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلامی تحریک پاکستان عوامی حقوق کی خاطر انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی، اسلامی تحریک پاکستان عوام کے حقوق کے حصول کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے اور عوامی خدمت کے باعث وہ عوام میں مقبول جماعت کے طور پر پہچانی جاتی ہے،انہوں نے کہاا کہ ملک اس وقت سنگین مہنگائی، افراتفری اور سیاسی کھینچا تانی کے بحرانوں سے گزر رہا ہے ایسے حالات میں دانشمند، معقول اور سنجیدہ افراد کو قومی ایوانوں میں بھیجنا ناگزیر ہے ۔علامہ شبیر حسن نے پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے تمام سیاستدانوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔