کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹریفک حادثات میں خاتون اور بچی جاں بحق ، 8 افراد زخمی ہو گئے،تفصیلات کے مطابق کیماڑی سکندرآباد اسٹاپ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکرکی زد میں آکر 10 سالہ حسیبہ دختر طاہر جاں بحق ہوگئی، لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی،پولیس کے مطابق متوفیہ اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پرجا رہی تھی کہ اچانک گرگئی اورعقب سے آنے والے واٹر ٹنکرکی زد میں آکر جاں بحق ہو گئی ،پولیس نے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کوگرفتار کر لیا ہے،خدا کی بستی بقائی اسپتال کے سامنے ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار 50 سالہ ریحانہ زوجہ عبد العلیم جاں بحق ہو گئی، لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی،پولیس نے بتایاکہ متوفیہ اپنے شوہر کے ساتھ جا رہی تھی کہ موٹر سائیکل سلپ ہو گئی جس کے باعث سر سڑک پرلگا اور وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی ،سپر ہائی وے ایم نائن دنبہ گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثے میں پک اپ میں سوار 8 افراد 65 سالہ سلیم ، 30 سالہ اویس ، 27 سالہ نعمان ، 31 سالہ حیدر علی ،26 سالہ عامر ، 18 سالہ حامد اور27 سالہ اعظم زخمی ہوگئے جنہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کے مطابق حادثہ ویگو ڈالے اور پک اپ کے مابین تصادم کے نتیجے میں پیش آیا ، حادثے کے بعد ویگو ڈالے کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔